انسولین لبلبے میں پیدا ہونے والا ایک ہارمون ہے، جو کہ خون میں گردش کرتی ہوئی شوگر کو ہمارے جسم کے خلیوں کے اندر پہنچاتا ہے، جہاں پر اسے ایندھن کی طرح استعمال کرکے توانائی پیدا کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ ہمارا جسم اُس وقت تک شوگر سے توانائی حاصل نہیں کر سکتا، جب تک کہ یہ خلیوں کے اندر نہ پہنچ جائے
اگر کسی وجہ سے جسم کے اندر انسولن کی کمی واقع ہو جائے تو خون میں گردش کرنے والی شوگر خلیوں کے اندر نہیں پہنچ پاتی، جس سے دو بنیادی خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔
اول یہ کہ خون میں گردش کرتی ہوئی شوگر خلیوں کے اندر نہیں پہنچتی اور جسم کو اسکا ایندھن میسر نہیں آتا۔ اس سے اعضا کے کام میں سُستی اور کمزوری پیدا ہوتی ہے
دوم یہ کہ شوگر چونکہ خلیوں کے اندر پہنچ کر خرچ نہیں ہو پاتی، اسلئے خون میں اسکی مقدار بڑھتی چلی جاتی ہے۔ یاد رکھئیے کہ خون میں شوگر کی مقدار مسلسل بڑھی رہنے سے ذیابیطس کی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔